طب نبوی صلی اللہ علیہ وسلم

نکاح کے فوائد

نکاح کے فوائد ۔

پہلا فائدہ: اولاد ہے اور یہی اصل بنیاد ہے اسی لیے نکاح کا حکم دیا گیا ہے تاکہ نسل انسانی باقی رہے ۔ اور شہوت ہی اس کی طرف ابھارتی اور برانگیختہ کرتی ہے اولاد کے حصول میں چار وجوہات کی بنا پر اللہ تعالیٰ کی قربت حاصل ہوتی ہے اور یہی شہوات نفسانیہ کے فتنہ و فساد سے انسان کو محفوظ رکھتی ہے حتیٰ کہ کوئی بھی یہ پسند نہیں کرتا کہ وہ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں بغیر اہل و عیال کے مجرد پیش ہو ۔

اولاد کے حصول کی چار وجوہات مندرجہ ذیل ہیں ۔

پہلی وجہ: یہ بڑی دقیق ہے اور عام لوگوں کا خیال اس کی طرف نہیں جاتا حالانکہ یہ بہت مضبوط اور اہم ہے اس کی مثال اس طرح دی گئی ہے کہ جب کوئی آقا اپنے غلام کو کھیتی کے کام مہیا کرے تو اسے چلانے کے لیے ہل اور بونے کے لیے بیج دے اور وہ غلام بھی کھیتی و کاشت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو اور مزید جس چیز کا تقاضا کرے مالک (آقا) کی طرف سے وہ بھی دے دی جائے تو پھر وہ غلام سستی کرے ، ہل خراب کردے ، بیج ضائع کر دے اور جو کام اسے سونپا گیا تھا اسے نہ کرنے کے حیلے ، بہانے تلاش کرے تو پھر یہ غلام اپنے آقا کی طرف سے سزا کا مستحق ہے اسی طرح اللہ تعالیٰ نے مذکر و مؤنث کو پیدا کیا اور مرد کی پشت میں نطفہ پیدا کیا اور اس نطفے کو رکھنے کی جگہ عورت میں بنائی عورت کے رحم کو اس نطفے کا ٹھکانہ بنایا اور عورت مرد دونوں میں شہوانی جذبات و خواہشات رکھ دیے ، یہ تمام افعال و آلات اپنے خالق کی کاری گری کا منھ بولتا ثبوت ہیں اور ارباب عقل کو اس تخلیق پر تعریف کرنے کی دعوت دیتے ہیں ۔

حضور صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ۔

تناکحوا تکثروا : ترجمہ! تم باہم نکاح کرو اس سے تم کثرت پاؤگے ۔

دوسری وجہ:
اولاد پیدا کرنے کی یہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے اس کی تلقین فرمائی اور آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے اس سنت کو خود اپنایا ۔

تیسری وجہ:
نیک اولاد انسان کے مرنے کے بعد اس کے لئے دعائے مغفرت کرتی ہے ۔ جیساکہ آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا ، کہ انسان کے مرنے کے بعد اس کا عمل منقطع ہو جاتا ہے سوائے تین کے ، ان تین میں سے نیک اولاد ہے جو اس کے لیے دعائے کرتی ہے ۔

چوتھی وجہ:
اگر بچہ والدین سے پہلے فوت ہو جائے تو وہ والدین کی شفاعت کرتا ہے اس تحریر میں اور بہت زیادہ تفصیلات میں ابھی میں نہیں جاتا ۔

نکاح کا دوسرا فائدہ:
شیطان سے بچاؤ اور حفاظت ، شہوت کے فتنے کا توڑ ، نگاہ کا پردہ اور شرمگاہ کی حفاظت ہے ۔ حضور صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے اسی طرح اشارہ فرمایا کہ جس نے نکاح کر لیا اس نے نصف دین کو محفوظ کر لیا ۔اب اسے دوسرے نصف کے لئے اللہ تعالیٰ سے ڈرنا چاہیے ۔

نکاح کا تیسرا فائدہ:
نکاح کا تیسرا فائدہ یہ ہے کہ نفس راحت پاتا ہے ، بیوی کے ساتھ بیٹھنے اور اسے دیکھنے سے دل بہلتا ہے اور اس کے ساتھ ملاعبت کرنے سے دل کو سکون حاصل ہوتا ہے ، یہ تمام چیزیں مرد کے عبادت کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے ، انسان کا نفس عبادت وغیرہ سے جلد اکتا جاتا ہے کیونکہ یہ اس کی طبیعت کے خلاف ہوتی ہے تو اگر اسے ہمیشہ ناپسندیدہ چیز پر مجبور کیا جائے تو وہ سخت سرکش ہو جاتا ہے اور جب نفس کو کسی چیز کے ساتھ بعض اوقات آرام و سکون ملے تو وہ سرگرم اور مضبوط ہو جاتا ہے بیوی کے ساتھ دل بہلانے سے وہ سکون حاصل ہوتا ہے جو ہر قسم کی رکاوٹ کو دور کرتا ہے اور دل کو آرام دیتا ہے اور نیک لوگوں کو حلال چیزوں سے بھی دل کا سکون حاصل کرنا چاہیے اسی وجہ سے اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا ۔

لیسکن الیھا۔ کہ وہ اپنی بیوی سے سکون حاصل کرے ۔

نکاح کا چوتھا فائدہ:
شادی کرنے سے انسان امور خانہ سے بے نیاز ہو کر اپنی پوری توجہ کاروبار اور کسب معاش پر دیتا ہے ، گھر کا کام مثلاً کھانا پکانہ ، برتن اور کپڑے وغیرہ دھونا اور دیگر امور خانہ داری سے دل و دماغ فارغ ہوتے ہیں جس وجہ سے وہ دوسرے کام احسن انداز میں انجام دے سکتا ہے اور اگر وہ یہ تمام کام بذات خود انجام دے تو اس کا سارا وقت انہیں کاموں میں صرف ہو جائے گا ۔ اور اس کے پاس علوم و فنون ، خوبیاں ، کمالات عظمتیں ، رفعتیں بلندیاں حاصل کرنے کا اور دیگر کام کاج کرنے کا وقت نہیں بچے گا ۔

نکاح کا پانچواں فایدہ:
شادی کا ایک اور فائدہ مجاہدۂ نفس ہے یعنی انسان کی اخلاقی تربیت ، وہ اس طرح کہ اہل و عیال کی صورت میں اس کو رعایا میسر آتی ہے اور ان کو اس پر اقتدار دیا جاتا ہے ، اب اہل و عیال کے حقوق کو پورا کرنے کی ذمہ داری اس پر لاگو ہوتی ہے ، عورت کے اچھے یا برے اخلاق پر صبر و شکر ، ان کی طرف سے پہنچنے والی تکلیف کو برداشت کرنا اور ان کی اصلاح اور دین کی طرف راہنمائی کے لیے پوری کوشش کرنا ، اہل و عیال کے لیے حلال رزق کمانا اور اولاد کی اچھی تربیت کرنا یہ تمام فضیلت والے کام ہیں ۔

لہٰذا آپ خوش رہیں ، آباد رہیں اور کسی بھی طرح کے طبی مشورے وغیرہ کے لیے ہمارے ان نمبروں پر واٹس ایپ میسج کریں ۔

خواجہ حکیم اشرف علی شیخ ، ماہر معدہ و جنسیات مرد و خواتین ۔ 9870967815
8755152470

(نوٹ) مضمون اچھا لگے تو آگے بھی شیئر کریں ۔ اور اس طرح کے مضامین و تحریر وغیرہ پڑھنے کے لیے ہمارے ویب سائٹ پر دیگر آرٹیکل اور مضامین کی طرف رجوع کریں ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button